
”طلبہ ملک و ملت کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ اگر ان کی تربیت شریعت و سنت کے مطابق کر دی جائے تو سارا معاشرہ خوفِ خدا اور عشقِ رسول کا گہوارہ بن جائے گا۔“
(دعوتِ اسلامی کا تعارف، ص31)
اَلْحَمْدُ لله رَبِّ الْعٰلَمِيْنَ وَالصَّلٰوةُ وَالسَّلَام عَلٰي خَاتَمِ النَّبِيِّيْن
یارب المصطفیٰ جل جلالہ وصلی اللہ تعالیٰ علیہ والٰہ وسلم! ہمارے اس پیارے پیارے مبارک شعبے کنزالمدارس بورڈ کے تمام متعلقین کودین ودنیا کی برکتیں نصیب فرما۔الٰہ العالمین ! انہیں اخلاص کی نعمت سے مالا مال فرما۔ اے اللہ پاک ! ان سے ہمیشہ کے لئے راضی ہوجا، ان کے کام میں برکتیں دے، ہر طرف علمِ دین کی بہاریں ہوں، نورِ علم سے دنیا میں اجالا ہو، سنتوں کے ڈنکے بجتے رہیں۔ یا اللہ پاک ہمارے یہاں سے بے شمار علمائے کرام فارغ ہو ہو کر دنیا کے گوشے گوشے میں پھیلیں اور نیکی کی دعوت عام کریں۔ سب کی ، ان کے ماں باپ کی ، ان کی آل اولاد کی بے حساب مغفرت فرما۔ مجھ گنہگاروں کے سردار کے حق میں بھی یہ دعائیں قبول فرما۔ اٰمین بجاہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ والٰہ وسلم
(13ربیع االآخر 1443ھ مطابق 19 نومبر 2021ء)
اَلحَمدُ لِلّٰہِ رَبِّ العٰلَمِینَ وَالصَّلوٰةُ وَالسَّلَامُ عَلیٰ سَیِّدِ المُرسَلِینَ
اَمَّا بَعدُ فَاَعُوذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیطٰنِ الرَّجِیمِ بِسمِ اللہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِ
الحمد للہ! عاشقانِ رسول کی عالمی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت ملک و بیرونِ ملک میں طلبہ و طالبات کو زیورِ علم سے آراستہ کرنے کے لئے الگ الگ ادارے قائم ہیں جن میں حفظ و ناظرہ، تجویدو قراءت، درسِ نظامی، مختلف تخصصات ،کلیۃ الشریعہ اور مختلف اسلامی کورسز کی تعلیم دی جاتی ہے۔
اس کا مختصر تعارف پیشِ خدمت ہے:
8 دسمبر 1990ء کو امیرِ اہلسنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ نے کراچی کے علاقے شو مارکیٹ گارڈن میں حفظ و ناظرہ کے ادارے بنام ”مدرسۃ المدینہ“ جبکہ 1994ء میں نیو کراچی کے علاقے گودھرا کالونی میں بوائز کے لئے درسِ نظامی کے ادارے بنام ”جامعۃ المدینہ“ کی بنیاد رکھی اور گرلز کے لئے درسِ نظامی کا آغاز چار سال بعد 1999ء میں بابری چوک گرومندر کراچی میں ہوا نیز دنیا کے مختلف ممالک میں آن لائن حفظ و ناظرہ اور دیگر اسلامک کورسز کا آغاز 12 فروری 2012ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ محلہ سوداگراں کراچی سے ہوا۔
الحمد للہ! ایجوکیشن سیکٹر میں اپنے شاندار پروگرامز، محنتی اور تجربہ کار اساتذۂ کرام، بہترین اور معیاری نصاب، عمدہ اندازِ تربیت اور صاف ستھرے ماحول کے باعث نہ صرف ملکِ پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں مدارس المدینہ اور جامعات المدینہ اپنا نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ ان کے نصابِ تعلیم، نظامِ امتحانات اور ہم نصابی سرگرمیوں کی سرپرستی کے لیے دعوتِ اسلامی نے ایک دینی ایجوکیشنل بورڈ بنام کنز المدارس قائم کیا۔
وفاقی وزارتِ تعلیم و فنی تربیت حکومتِ پاکستان نے مؤرخہ 27 اپریل 2021 ء نوٹیفکیشن نمبر 1-46/2014-NCC/RE کے تحت دعوتِ اسلامی کو وفاقی دینی تعلیمی بورڈ ”کنزالمدارس“ کی منظوری دی ہے۔
کنز المدارس بورڈ سے کسی بھی دینی ادارے کا الحاق مرکزی آفس سے ہو گا، جس کا طریقہ کار درج ذیل ہے:
کنزالمدارس بورڈ کا دائرہ کار پاکستان سمیت بیرونِ ملک کے دینی تعلیمی اداروں کو بھی محیط ہے۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے نوٹیفکیشن نمبر 1-46/2014-NCC/RE مجریہ بتاریخ 27 اپریل 2021ء کے مطابق کنز المدارس بورڈ کے تحت جاری شدہ العالمية في العلوم العربية والإسلامية کی ڈگری ”ایم۔ اے عربی و اسلامیات“ کے مساوی ہو گی۔
کنز المدارس بورڈ کے تحت طلبہ و طالبات کے لیے ایچ ای سی سے منظور شدہ 8 سالہ اسلامی اسکالرز کورس بنام ”الدراسات العربية والإسلامية (درسِ نظامی)“ کرایا جا رہا ہے جس میں کئی علوم و فنون جیسے تجوید، تفسیر، حدیث، سیرت، تاریخ، عقیدہ، فقہ، صرف، نحو، بلاغت، منطق وغیرہ سکھائے جا رہے ہیں۔ جو افراد لکھنا پڑھنا نہیں جانتے ان کو پہلے متوسطہ اول (6th)، متوسطہ دوم (7th) اور متوسطہ سوم (8th)میں لکھنا پڑھنا سکھایا جاتا ہے بعد ازاں درسِ نظامی کے پہلے سال میں داخلہ دیا جاتا ہے۔
کنز المدارس بورڈ نے گریجویٹس، پروفیشنلز اور یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کے لئے ایچ ای سی سے منظور شدہ 4 سالہ اسلامی اسکالرز کورس بنام ”كلية الشريعة“ شروع کیا ہے۔ کلیۃ الشریعہ میں متعدد اور مختلف علوم و فنون شامل ہیں جیسے قرآن، تفسیر، حدیث، عقیدہ، فقہ، صرف و نحو (عربی گرائمر)، بلاغت، علمِ کلام، تجوید، منطق، سیرت، معاشیات، تاریخِ اسلام، ردِّمستشرقین، دعوت و ارشاد کے اصول اور تحقیق کے اصول وغیرہ ۔
کنز المدارس بورڈ اپنے ساتھ ملحق درج ذیل شرائط کے حامل جامعات و مدارس کو کلیۃ الشریعہ پروگرام شروع کرنے کی اجازت دے گا:
عصر حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ایسے افراد تیار کئے جائیں جو درس نظامی کرنے کے بعد مختلف علوم و فنون میں تخصص یعنی اسپشلائزیشن (Specialization) کیے ہوں۔ اس طرح وہ شرعی اصول وضوابط اور ان کو سمجھنے میں مددگار علوم پر عبور حاصل کرکے امتِ مسلمہ کی دینی اور شرعی لحاظ سے بہترین خدمت کرسکیں گے۔ اسی مقصد کے پیش نظر کنز المدارس بورڈ سے ملحقہ جامعات میں مختلف تخصصات کروائے جاتے ہیں۔
کنز المدارس بورڈ سے ملحقہ جامعات کے تحت الدراسات العربية والإسلامية کے علاوہ کچھ مزید کورسز کروائے جاتے ہیں جنہیں دورات کہا جاتا ہے ۔جن میں اسلامی بھائی تجوید و قراءت ، مختلف سورتوں کا ترجمہ و تفسیر،منتخب احادیث کا ترجمہ و شرح، منتخب آیات و احادیث ترجمہ کے ساتھ حفظ، عقائدِ اسلام، فقہ، اسلامی تہذیب اور آدابِ اسلام سیکھتے ہیں۔