kanzul madaris board

ہیلپ اینڈ سپورٹ
رابطہ کریں
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ علٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ؕ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْمِ
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْمِ
Latest Updates
کنزالمدارس بورڈ کی ڈیجیٹل ایپ لانچ ہو چکی ہے۔اس ایپ کے ذریعے طلبۂ کرام آن لائن رزلٹ دیکھ سکیں گے، سلیبس، ڈیجیٹل لائبریری اور ویڈیو لیکچرز تک رسائی حاصل کر سکیں گے، اور بورڈ کے نوٹیفیکیشنز اور اپڈیٹس بھی حاصل کریں گے۔

نصاب

نصاب کی خصوصیات (Curriculum Features)

مفتیانِ کرام، سینئر مدرِّسین، ماہرینِ تعلیم اور بالخصوص ماہرین تدوینِ نصاب کی مشاورت سے ”کنز المدارس بورڈ“ کا  جو نصابِ تعلیم مرتب کیا گیا ہے اس کی درج ذیل خصوصیات ہیں:

  1. کنز المدارس بورڈ کا نصاب دینی وقومی مقاصدِ تعلیم کا عکاس، اسلامی معاشرے کی ضرورتوں کو پورا کرنے والا اور طلبہ کو کامیاب عملی زندگی کے لئے تیار کرنے والا ہے۔ اس نصاب  کی تدوین سازی میں طلبہ کو اس نہج پر  ذہنی اور فکری تربیت کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں   جو طالبِ علم کو اپنی ذات، اردگرد کے ماحول اور کائنات پر مثبت اور عملی غور وفکر کے لئے آمادہ کریں اور اسلامی و قومی روایات و اقدار کی طرف راغب کریں۔
  2. پیش کردہ نصاب تعلیمی درجہ بندی کے لحاظ سے افقی (Horizontal) اور عمودی (Vertical) انداز میں اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ ایک باب اور ایک سطح کے تجربات، آئندہ آنے والے ابواب اور اگلی تعلیمی سطحوں کے لئے بنیاد کا کام دیں اور ان میں باقاعدہ تسلسل، توازن اور مناسبت ہو۔
  3. اسی طرح یہ امر بھی ملحوظِ خاطر رہا کہ نصاب کی تمام سرگرمیاں طلبہ کی عمر، استعداد، صلاحیت اور ضرورت سے مطابقت رکھیں تاکہ طلبۂ کرام کی دلچسپی اور رجحانات  کے ساتھ ساتھ ذہنی، اخلاقی اور سماجی نَشْوونُما ہو۔
  4. اِبلاغ (بولنا، پڑھنا، لکھنا) اور سوشل سائنسز (Social Sciences) کی مہارتوں کو بھی شاملِ نصاب رکھا گیا ہے۔
  5. ”کنز المدارس بورڈ“ کا نصاب قدیم وجدید 30 سے زائد علوم وفنون پر مشتمل ہے مثلاً قرآن و علوم القرآن، حدیث و علوم الحدیث، فقہ و علوم الفقہ، سیرت و فضائلِ نبوی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم، اسلامی عقائد و نظریات، دعوت و ارشاد، تقابلِ ادیان (Interfaith)، تصوف، آدابِ معاشرت (Social Manners)، اخلاقیات(Ethical)، فلسفہ(Philosophy)، تاریخِ اسلام، علم التعلیم (Education)، فزیکل ایجوکیشن، عربی گرائمر، عربی لینگوئج، عربی ادب، بلاغت (Rhetoric)، منطق(Logic)، مناظرہ (Debate)، اُصُولِ تحقیق، انگلش (English)، ریاضی، سوکس (Civics)، ہوم اکنامکس (Home Economics)، مطالعہ پاکستان/ جغرافیہ، جنرل سائنس (General Science)، اردو/قومی زبان اور کمپیوٹر (Computer) وغیرہا۔ یہ تمام علوم و فنون مختلف درجات (Grades) میں شامل کئے گئے ہیں ؛تاکہ اس کے علمی نتائج نہایت اعلیٰ اور عالمی سطح پر قائم کردہ اعلیٰ معیار پر پورا اتریں۔
  6. کتابِ الٰہی یعنی قرآنِ مجید کی تعلیم کو اس انداز میں شاملِ نصاب کیا گیا ہے کہ تجوید و قراءت، منتخب رکوعات کا حفظ اور ترجمۃ القرآن سے لے کر قرآن فہمی کے لئے متعدد کتبِ تفاسیر کو نصاب کی زینت بنایا گیا ہے۔
  7. کتبِ احادیث بالخصوص صِحاح سِتَّہ کے ابواب کا انتخاب کرتے ہوئے اس چیز کا بطورِ خاص اہتمام کیا گیا ہے کہ جس کتاب میں جو باب زیادہ جامع ہے اُسے شاملِ نصاب کیا جائے نیز جن ابواب کو کسی ایک کتاب سے منتخب کر لیا گیا تو دیگر کتب میں ان سے مختلف ابواب کا انتخاب کیا جائے۔ یوں کتبِ احادیث کے  زیادہ سے زیادہ ابواب کا اِحاطہ، اس نصاب کی خصوصیت ہے۔  
  8. سیرتِ طیبہ سے واقفیت و آگاہی اور پھر اُس پر عمل کرنا ہر مسلمان کی بنیادی ضرورت اور اسلامی فرض ہے۔ بیان کردہ اہمیت کے پیش نظر کنزالمدارس بورڈ کی نصاب سازی میں اس چیز کا التزام کیا گیا کہ ”موقوف علیہ“ تک تمام درجات (عامہ، خاصہ، عالیہ)میں سیرتِ طیبہ کی کتابیں شامل کی گئی ہیں اور پھر ”الشہادۃ العالمیہ“ میں احادیث کی بڑی کتب سے سیرت و فضائلِ نبوی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے ابواب کو خصوصیت سے شامل کیا گیا ہے۔
  9. ثانویہ عامہ (Matric) اور ثانویہ خاصہ (A) کے نصاب میں فی زمانہ متروک مسائل کے علاوہ تمام ابوابِ فقہ شامل کئے گئے ہیں نیز درجاتِ علیا میں تفصیلی دلائل و علل پر مشتمل منتہیٰ کتبِ فقہ سے دوبارہ منتخب ابواب پڑھائے جائیں گے۔
  10. ”صفائے قلب و باطن“ شریعت کو محبوب و مطلوب ہے۔ اس اہم مقصد کے پیش نظر علمِ تصوف کو بطور خاص نصاب میں شامل کیا گیا ہے۔
  11. عربی ادب کے نصاب میں ایسے قصائد کا انتخاب کیا گیا ہے جو ادبی ضرورتوں کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ خوفِ خدا، عشقِ رسول اور فکرِ آخرت کو پروان چڑھائے۔
  12. عربی گرائمر میں آسان اور جدید طرز پر مشتمل نئی کتب کو شاملِ نصاب کیا ہے ۔
  13. ابلاغی ضرورتوں کے پیشِ نظر انگلش اور عربی لینگوئج کے لئے نصاب میں خاص حصہ ہے۔
  14. طالبات کے نصاب میں امورِ خانہ داری سے متعلق تربیت کرنا نصاب کا حصہ ہے۔
  15. فزیکل ایجوکیشن کی اہمیت و ضرورت کے پیشِ نظر اس سے متعلق کتب کو شاملِ نصاب کیا گیا ہے۔
  16. ”کنز المدارس نصاب“ سمعی و بصری معاونات (AV Aids) وائٹ بورڈ، چارٹ، گراف، ملٹی میڈیا، تدریسی وسائل اور جدید تحقیقات سے فائدہ اٹھانے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
  17. کنز المدارس بورڈ کے تحت ہونے والے تخصصات کے نصاب میں  ایک سال کلاس ورک (Class Work) مکمل کر لینے کے بعد ایک سالہ تدریب (Practical) اور ریسرچ ورک  (Research Work) کا نصاب شامل ہے۔